واشنگٹن،25 جون (آئی این ایس انڈیا)برطانوی ریفرنڈم کے نتیجے نے امریکی صدر کی دوسری مدت کے آخری مہینوں پر سیاہ بادل پھیلا دیے ہیں۔ اُنہوں نے اپنی مدتِ صدارت کے ساڑھے سات برس برطانوی حکومت پر تکیہ کیا لیکن اِسی ملک کی عوام نے اُن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔برطانیہ برسوں سے امریکا کا حلیف ہے اور موجودہ امریکی صدر اوباما کی حکومت عالمی امور میں برطانیہ کے سہارے کو انتہائی اہم خیال کرتی رہی ہے۔ واشنگٹن کا لندن حکومت پر مکمل بھروسہ ڈھکی چھپی بات نہیں لیکن اب جب کہ اوباما حکومت صرف چھ مہینے کی مہمان رہ گئی ہے، انہیں ایک بڑے جھٹکے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اوباما نے بریگزٹ ریفرنڈم کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ پر واضح کیا ہے کہ امریکا دونوں فریقین کو ناگزیر پارٹنرز تصور کرتا ہے۔ اوباما کے مطابق اِس ریفرنڈم سے سامنے آنے والے عوامی نتیجے کے باوجود مشترکہ تاریخی تعلقات کی مرہونِ منت روابط برقرار رہیں گے۔ انہوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ اب برطانیہ یورپی یونین سے اخراج کے بعد عالمی معاملات کے حوالے سے امریکا اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔اوباما نے برطانیہ کو خبردار کیا تھا کہ ریفرنڈم کے نتیجے کی صورت میں یورپی یونین سے باہر ہوتے ہوئے برطانیہ کو تجارت میں ترجیحی درجہ شاید حاصل نہ ہو سکے۔ نائب امریکی صدر جو بائیڈن نے زیادہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن حکومت نے بریگزٹ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کو خاص فوقیت کبھی نہیں دی تھی۔ مبصرین کا خیال ہے کہ ریفرنڈم سے قبل اور بعد میں دیے گئے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ امریکی صدر کو کسی حد تک مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔امریکی صدر نے اِس توقع کا بھی اظہار کیا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین کو خیرباد کہہ دینے کے بعد بقیہ بلاک اپنی موجودہ شناخت کو برقرار رکھے گا۔ وائٹ ہاؤس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپی یونین کے اخراج کے واشنگٹن اور لندن کے دو طرفہ تعلقات پر بظاہر واضح اثرات مرتب ہونے کا امکان کم ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اوباما نے یہ بھی ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ برطانوی امریکی باہمی تعلقات معمول کے مطابق رہیں گے اور اِس کا انحصار کیمرون کے اکتوبر میں مستعفی ہو جانے کے بعد سامنے آنے والے نئے لیڈر پر ہو گا۔